نئی دہلی،15جولائی؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عالم اسلام ک مشہور اسلامی مبلغ اور اسلامی ریسرچ فاؤنڈیشن (این جی او)کے سربراہ ڈاکٹر ذاکر نائیک پر حکومت اور سخت ہو گئی ہے۔وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق نائیک کے این جی اومیں غیر ملکی فنڈ کو لے کر ہو رہی تحقیقات کا دائرہ حکومت نے بڑھا دیا ہے۔وزارت داخلہ نے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے منسلک کمپنیوں اور ان کے انکم ٹیکس ریٹرن کی مکمل معلومات اکٹھی کرنے کے لئے کہا ہے۔گزشتہ 10سالوں میں انکم ٹیکس ریٹرن کی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہے۔ذرائع کی مانیں تو ابھی تک کی معلومات کے مطابق ذاکر نائیک کے آئی آرایف کوتقریبا 80ملین پاؤنڈ کا چندہ ملا ہے،اس میں سے بھی ایک بڑا حصہ پیس ٹی وی کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیا گیا ہے۔ذاکر نائیک کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے جانچ ایجنسیوں کو معاملے سے منسلک ساری معلومات نہیں مل پا رہی ہیں۔واضح رہے کہ حال میں ڈھاکہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے ذاکر نائیک تنازعات میں ہیں۔ڈھاکہ کے حملہ آوروں کے ذاکر نائیک سے متاثر ہونے کی بات سامنے آئی تھی۔ذاکرنائیک نے اگرچہ تمام الزامات کو خارج کیا ہے۔تنازعہ کے درمیان حکومت نے کیبل آپریٹرز سے ذاکر نائیک کے چینل ’’پیس ٹی وی‘‘کی نشریات روکنے کو کہا تھا۔